وزیراعظم آفس کے مطابق انطالیہ ایئرپورٹ پر گورنر ہلوسی شاہین نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ترکیے میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کل فورم کے  لیڈرز پینل  میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جہاں عالمی رہنماؤں کے ساتھ خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے امور پر گفتگو متوقع ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم نے قطر کے دورے کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کی امیرِ قطر سے ملاقات، خطے کی صورتحال اور توانائی تعاون پر تبادلہ خیال

امن مشن کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات کی تھی، جہاں انہیں امریکا-ایران جنگ بندی اور اسلام آباد میں جاری مذاکراتی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

سعودی ولی عہد نے اس موقع پر وزیراعظم اور پاکستان کے اعلیٰ فوجی و سیاسی قیادت کے خطے میں تعمیری کردار کو سراہا۔