تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین پراجیکٹ سے وابستہ اسٹاف سے ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے وزیراعلیٰ کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین کو پنجاب بھر میں ہائی کوالٹی لائیو نیوز کوریج اور آؤٹ ڈور براڈ کاسٹنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ وین میں پہلی مرتبہ جدید آرٹی فیشل انٹیلی جنس پر مبنی آڈیو اور ویڈیو ٹرانسمیشن سسٹم نصب کیا گیا ہے، جو نشریات کے معیار کو نئی سطح پر لے جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق جدید ترین ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین کے ذریعے بلا رکاوٹ سیٹلائٹ اپ لنک اور براڈ کاسٹنگ ممکن ہو سکے گی۔ یہ وین موبائل لائف اسٹریمنگ اور فیلڈ بیسڈ پروڈکشن پوسٹ کے لیے بھی استعمال کی جائے گی، جس سے بروقت اور مؤثر کوریج کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے، سہیل آفریدی
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈی جی پی آر میں ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین کے لیے گراؤنڈ اسٹیشن کو بھی فنکشنل کر دیا گیا ہے، جب کہ اس پراجیکٹ کے تحت اے آئی پاورڈ ڈرونز کے استعمال کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جو جدید صحافتی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔
اس منصوبے کو ڈی جی پی آر کی تاریخ میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو سرکاری اطلاعات اور نشریات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔







