انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد محکمہ اطلاعات کے تمام کرائے کے دفاتر کو ایک چھت تلے جمع کرنا ہے تاکہ انتظامی امور میں بہتری اور وسائل کی بچت یقینی بنائی جا سکے۔ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں اس اسکیم کو شامل کیا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ مختلف صوبوں اور ممالک سے آنے والے صحافیوں اور وفود کے اعزاز میں دیے جانے والے تحائف اور سووینئرز کی مد میں مختص رقم نہایت معمولی اور علامتی نوعیت کی ہوتی ہے۔ یہ اخراجات محکمہ خزانہ کی منظور شدہ مدات کے تحت اور مکمل شفافیت کے ساتھ خرچ کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلبز کو دی جانے والی گرانٹس الگ مد میں شامل ہوتی ہیں، جبکہ تحائف کی مد محدود اور علامتی حیثیت رکھتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مختلف اضلاع کے دوروں، سیلابی صورتحال، افتتاحی تقریبات اور دیگر سرکاری سرگرمیوں کی کوریج محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے محکمہ نے اپنی ڈی ایس این جی اور او بی وین تیار کی ہے تاکہ بروقت اور معیاری کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں سفری الاؤنس اور دیگر اخراجات قواعد و ضوابط کے مطابق ادا کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ پنجابی زبان کے فروغ کے لیے محکمہ کے تحت ایک علیحدہ شعبہ کام کر رہا ہے، جو ترویجِ پنجابی کے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ صحافی کالونیوں کے لیے زمین مفت فراہم کی جاتی ہے، جب کہ صرف ترقیاتی اخراجات صحافیوں سے وصول کیے جاتے ہیں، جو مکمل طور پر انفراسٹرکچر پر خرچ ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں کوئی سرکاری دفتر تعمیر نہیں کیا جاتا۔
مزید برآں، رواں سال کمرشل پلاٹس کی آبادکاری کے منصوبے سے حاصل ہونے والی آمدن سے فاؤنڈیشن کی اپنی عمارت تعمیر کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماضی میں سفارشی بنیادوں پر تقرریوں کی روایت رہی، تاہم موجودہ حکومت میں میرٹ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت کی مکمل اوورہالنگ کی جا رہی ہے۔ غیر ضروری اور غیر فعال اسامیوں کے خاتمے اور جدید تقاضوں، خصوصاً ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق نئی اسامیوں کی تخلیق پر غور کیا جا رہا ہے۔ نئی بھرتیاں وزیراعلیٰ اور کابینہ کی منظوری سے کی جائیں گی۔
انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل میں بعض تقرریوں کے حوالے سے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے قبل از وقت کوئی رائے دینا مناسب نہیں۔ تاہم عدالت کے فیصلے کے بعد ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران اوکاڑہ آرٹس کونسل کی تعمیر و مرمت، آئی ٹی اپ گریڈیشن، ساؤنڈ سسٹم، فرنیچر اور ہائبرڈ سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے خطیر فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں اور منصوبے رواں سال مکمل کر لیے جائیں گے۔
انہوں نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فنکار سپورٹ فنڈ کو 80 ملین روپے سے بڑھا کر 300 ملین روپے کر دیا ہے، جب کہ ماہانہ مالی امداد بھی دوگنا کر دی گئی ہے تاکہ مستحق فنکاروں کی بہتر معاونت ممکن ہو سکے۔
اختتام پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب شفافیت، میرٹ اور جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور محکمہ اطلاعات و ثقافت کو ایک جدید، فعال اور عوام دوست ادارہ بنایا جائے گا۔






