پاک فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ اسکول میں 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب حملہ کیا گیا، دہشتگردوں نے اسکول کی بیرونی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی۔
شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے تین بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا، دو دیگر دہشتگردوں کو عمارت میں گھیر کر سکیورٹی فورسز نے ٹارگیٹڈ کارروائی کے دوران انجام تک پہنچایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 بہادر پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہید پولیس اہلکاروں میں تربیت پانے والے جوان بھی شامل تھے، دہشتگردوں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار اور ایک بے گناہ شہری زخمی بھی ہوا۔
شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ حملے کے دوران دہشتگردوں نے اسکول کمپلیکس کی مسجد پر بھی حملہ کیا، دہشت گردوں نے عبادت گاہ کی بے حرمتی کی اور امام مسجد کو شہید کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدرِ مملکت نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا، ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک متحد رہیں گی۔
President Asif Ali Zardari strongly condemned the attack by India-backed Khwariji terrorists on the police training centre in D.I. Khan. He paid tribute to the martyred police personnel, condoled with their families, and lauded the courage of security forces.
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 11, 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑنے والے اہلکاروں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہی ہےاور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیرداخلہ کی مذمت
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے 7 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جان دے کر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا، پولیس نے دلیری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔







