اسلام آباد میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں علما کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم سے پورے ملک میں اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام جانا چاہیے۔

وزیر داخلہ نے قومی پیغامِ امن کمیٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کا کردار لائق تحسین ہے اور اسے ضلعی سطح تک مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن اور رواداری کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ علما کرام قوم کو متحد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں علما کرام کی حمایت اور رہنمائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام اور علما سے اپیل کی کہ فرقہ واریت سے اجتناب کیا جائے کیونکہ اسی میں ملک و قوم کی بھلائی اور سلامتی ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ امن معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر واحد شخصیت تھے جن پر تمام فریقین اعتماد کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل ہمیشہ سچ بات کرتے ہیں، اسی لیے مذاکراتی عمل میں ان کے کردار کو اہمیت دی گئی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور اس سلسلے میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور مثبت سفارت کاری کا حامی رہا ہے اور آئندہ بھی اسی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا۔