سرکاری ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ ان کی موجودگی کو پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ اظہارِ تعزیت، احترام اور یکجہتی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر ایرانی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، سرحدی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

پاکستانی وفد کی ایران آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی اور دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں۔  اعلیٰ سطحی دوروں کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف بھی ایران کے دورے پر موجود ہیں، جہاں وہ حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندان سے تعزیت کریں گے اور آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ شرکت دونوں ممالک کے مضبوط برادرانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاس ہے۔