کوئٹہ جانے والی مسافر بس سے مسافروں کو اغوا کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف یہ مشترکہ آپریشن سندھ اور پنجاب پولیس کی جانب سے کچہ کراچی کے علاقے میں کیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تین ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

ڈی پی او راجن پور کے مطابق آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی مسمار کر دیا گیا ہے، جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دیگر ملوث ملزمان کو بھی گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ پیر کی رات تقریباً 9 بجے 30 سے 40 مسلح ڈاکوؤں نے ضلع گھوٹکی میں گڈو کشمور انٹرچینج کے قریب کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو روک کر درجن سے زائد مسافروں کو اغوا کر لیا تھا اور انہیں کچے کے علاقے میں لے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سے مذاکرات کامیاب، گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا

تاہم سندھ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آپریشن کے دوران تمام مغوی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا تھا، جس کے بعد اغوا میں ملوث ڈاکوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی تک آپریشن جاری رکھا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔