نگراں وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جنہوں نے سی ٹی ڈی کو جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
نگراں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان میں سی ٹی ڈی کو جلد فعال کیا جائے گا تاکہ دہشتگردی اور جرائم کی روک تھام مزید مؤثر بنائی جا سکے،خطے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور جدید اسلحہ کی فراہمی ضروری ہے، جس پر وفاقی حکومت مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
محسن نقوی نے اس یقین دہانی کرائی کہ انتخابات کے دوران اضافی سیکیورٹی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ ووٹرز اور سیاسی جماعتوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی بھی فرد یا گروہ خطے میں امن کو خراب نہیں کر سکے گا اور وفاقی حکومت اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
مزید پڑھیں: ہتکِ عزت دعویٰ: سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روک دیا، شہباز شریف کو نوٹس جاری
انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے سے نہ صرف انتخابات شفاف ہوں گے بلکہ سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر داخلہ نے زور دیا کہ گلگت بلتستان میں محفوظ ماحول قائم رکھنا ملکی ترقی اور خطے کی پائیدار خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مربوط حکمت عملی کے ذریعے نہ صرف انتخابات کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ خطے میں معاشرتی استحکام اور سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر سیاحت کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی مضبوطی، لوکل کمیونٹی کی شمولیت اور حفاظتی اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دینے پر بھی بات ہوئی۔
تحلیل کاروں کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابات سے قبل سیکیورٹی اور انتظامات پر زور دینے سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور سیاسی عمل میں بھرپور شمولیت ممکن ہو سکے گی۔







