اپنے سوشل اکاؤنٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ’’تیر‘‘ کے نشان کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور مختلف حلقوں سے موصول ہونے والے نتائج پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان کی مسلسل محنت رنگ لے آئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے عوام نے ترقی، خوشحالی اور جمہوری سیاست کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کامیاب امیدواروں، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوامی خدمت کے عزم کی جیت ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے حکومت سازی کے لیے سیاسی مشاورت اور رابطوں کا آغاز کرے گی، امید ظاہر کی کہ دیگر سیاسی قوتیں بھی عوامی فیصلے کا احترام کریں گی اور خطے کی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کریں گی۔
دوسری جانب غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی متعدد نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ تاہم تمام حلقوں کے مکمل نتائج، آزاد امیدواروں کی پوزیشن اور مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد ہی حتمی سیاسی منظرنامہ واضح ہوگا۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات: غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج سامنے آنا شروع
واضح رہے کہ اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے تو پیپلز پارٹی حکومت سازی کی مضبوط پوزیشن میں آسکتی ہے، تاہم حکومت کے قیام کے لیے اتحادیوں اور آزاد ارکان کی حمایت بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے نتائج پر ملک بھر کی سیاسی جماعتوں کی نظریں مرکوز ہیں، جبکہ آئندہ چند روز میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔







