نجی نشریاتی ادارے ڈان کے مطابق گورنر کے دستخط کے بعد اب گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جسے پنجاب حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ارسال کرے گی۔ نئے قانون کے تحت الیکشن کمیشن پنجاب میں حلقہ بندیاں اور حد بندیاں مکمل کرے گا۔
ذرائع کے مطابق، الیکشن کمیشن نے پہلے ہی دسمبر 2025 میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ دے رکھا ہے۔
پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی منظوری کے بعد مسودہ گورنر پنجاب کو ارسال کیا تھا، جس پر سردار سلیم حیدر خان نے آج باضابطہ طور پر دستخط کر دیے ہیں۔
یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کرانے کا محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے اس معاملے پر سماعت کی تھی۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے تھے کہ اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونا کمیشن کے لیے باعثِ شرمندگی ہے، الزامات ہم پر لگ رہے ہیں، اس لیے ہمیں فوری فیصلہ کرنا ہوگا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے سماعت میں اسپیشل سیکریٹری بلدیات پیش ہوئے تھے جنہوں نے کمیشن سے درخواست کی تھی کہ انتخابات نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت کرائے جائیں۔







