ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی مفاہمت اور اس کے خطے پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی روابط کے فروغ میں مدد ملے گی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل اور اس حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے امیر جماعت اسلامی کو آگاہ کیا، محسن نقوی نے خطے میں امن کے قیام کے لیے حکومت پاکستان کے کردار اور مختلف سفارتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے، موجودہ سفارتی پیش رفت کو تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور اس کے مثبت اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔

ملاقات میں صومالیہ میں موجود پاکستانی شہریوں کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر زور دیا کہ بیرونِ ملک مشکلات کا شکار پاکستانیوں کی جلد اور محفوظ وطن واپسی کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کیے جائیں اور اس سلسلے میں تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال، مہنگائی، عوامی مشکلات اور اقتصادی استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مزید پڑھیں: 2026-27 کا بجٹ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے محض اعداد و شمار کو ادھر ادھر کرنے کا کھیل ہے، حافظ نعیم الرحمان

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قومی مفاد کے معاملات میں تمام سیاسی اور سماجی قوتوں کو یکجا ہو کر کام کرنا چاہیے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے، خطے میں امن کے قیام سے نہ صرف اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتی کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ امن، مذاکرات اور باہمی احترام کی پالیسی پر کاربند رہا ہے اور مستقبل میں بھی خطے میں استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ پیش رفت خطے کے عوام کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد بنے گی۔