میئر کراچی نے ضلع وسطی میں سخی حسن اسٹریٹ کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

ان  کا کہنا تھا کہ سخی حسن اسٹریٹ کی بحالی کے لیے ایک کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد کی لاگت سے کام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت اس سڑک کو جدید ڈبل کیرج وے میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور شہریوں کو سہولت فراہم ہو۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے میں صرف سڑک کی تعمیر ہی نہیں بلکہ نکاسیٔ آب کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، کیونکہ بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کی شکایات عام تھیں۔ نئے ڈرینیج سسٹم کی بہتری سے علاقے کے مکینوں کو نمایاں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: اگر ہمیں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو جہاں جہاں روکا جائے گا، اسی مقام کو جلسہ گاہ بنا دیں گے، سہیل آفریدی

انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، نارتھ ناظم آباد کے عوام کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی عملی طور پر کام کر رہی ہے اور ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر حقیقت یہ ہے کہ حافظ نعیم انہی منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں جو بلدیہ عظمیٰ کراچی اور پیپلز پارٹی کی جانب سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے نہ صرف شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اہم ہیں بلکہ آنے والے دنوں میں سیاسی ماحول پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں، جہاں مختلف جماعتیں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔