سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں ضلع اورکزئی میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے آرمی افسران اور جوانوں کے درجات کی بلندی اور سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
وقفۂ سوالات کے دوران وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نئی انرجی وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ اس پالیسی کے تحت حکومت پی اے وی ای اسکیم کے ذریعے مالی معاونت اور سبسڈی فراہم کرے گی تاکہ عوام کو الیکٹرک گاڑیاں اپنانے کی ترغیب دی جا سکے۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ حکومت نے اس اسکیم کے لیے نو ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ایندھن پر انحصار کم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کے مسلسل احتجاج کی وجہ سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے اجلاس کی کارروائی کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔







