جمرود کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ آئندہ سیاسی لائحہ عمل انہی دونوں قائدین کی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک اور اہم ہدایت اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق ہے، جس کے لیے عملی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا اور کارکنان اس سلسلے میں سرگرم ہو چکے ہیں۔

وادی تیراہ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں علاقے میں کسی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ایسی رپورٹس ضرور موصول ہوئی ہیں کہ مقامی شہریوں سے زبردستی معاہدے لکھوائے گئے ہیں، جو نہایت تشویش ناک بات ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وادی تیراہ کے شہریوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، اگر اس حوالے سے کوئی معاملہ ان کے پاس لایا گیا تو وہ بھرپور آواز اٹھائیں گے اور عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ تاہم اب تک وادی تیراہ میں کسی ممکنہ آپریشن کے بارے میں کسی سرکاری شخصیت نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔

ضم اضلاع کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ پہلے ہی ضم شدہ اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر چکے ہیں۔ حکومت کا مقصد ان علاقوں کو قومی دھارے میں لانا اور وہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور سیاسی استحکام کے لیے تمام فیصلے مشاورت، آئینی تقاضوں اور ادارہ جاتی عملداری کے اندر رہ کر کیے جائیں گے، اور صوبے کے عوام کے مفاد پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔