ڈپٹی کمشنر شکارپور، شکیل ابڑو کے مطابق، جعفر ایکسپریس پر دستی بم کی مدد سے حملہ کیا گیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے کے باعث ابتدائی طور پر سات مسافروں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر شکارپور کے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ، سید مراد علی شاہ نے آج صبح ضلع شکارپور کے علاقے سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کمشنر لاڑکانہ کو ہدایت دی ہے کہ زخمی مسافروں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

دوسری جانب، جائے حادثہ سے سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے مسافر اپنی مدد آپ کے تحت سامان اُٹھا کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔ بعض مسافروں کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی، تاہم حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

واضح رہے کہ جعفر ایکسپریس کو شکارپور سے تقریباً 60 کلومیٹر دور جیکب آباد میں گزشتہ چند ماہ کے دوران دو بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔