اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ذمہ دارانہ سفارت کاری اور بروقت اقدامات کے ذریعے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کیا بلکہ خطے میں امن کے فروغ میں بھی مثبت کردار ادا کیا۔
رضا امیری مقدم نے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور اداروں کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی، انتظامی سہولیات اور منصوبہ بندی انتہائی مؤثر اور اعلیٰ معیار کی تھیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان کے ادارے پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے بھرپور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سیکیورٹی ادارے، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں نے جس مستعدی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ایرانی سفیر نے خاص طور پر اسلام آباد کے شہریوں کی مہمان نوازی، تعاون اور مثبت رویے کو بھی سراہا۔
مزید پڑھیں: ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے تو ہمارے پاس آجائے، ٹرمپ
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ برادرانہ اور ہمسائیگی پر مبنی ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی دونوں ممالک باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
رضا امیری مقدم نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں خطے کو تصادم کے بجائے مکالمے اور تعاون کی ضرورت ہے، اور پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششیں اسی سمت میں ایک مثبت پیش رفت ہیں۔







