سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق مظفر گڑھ میں سابق ایم این اے مہر ارشاد احمد خان سیال کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ماضی میں یہ تصور عام تھا کہ بااثر افراد قانون کی گرفت سے بچ جاتے ہیں، تاہم حالیہ پیش رفت سے یہ سوچ غلط ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیلیں ہم نے بھی خوش اسلوبی سے کاٹی ہیں اور قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب بالخصوص مظفر گڑھ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے۔ ترکیہ کے تعاون سے طیب اردوان اسپتال اور ہیڈ محمد والا پل جیسے اہم منصوبے مکمل کیے گئے۔
مزید پڑھیں: پاکستان معاشی بحران سے نکل چکا، ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا واحد حل اسے الگ صوبہ بنانا ہے اور یہی مؤقف چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اختیار کر چکے ہیں، جن صوبوں پر اتفاق رائے موجود ہے، انہیں ضرور صوبہ بنایا جانا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسائل کا حل ہمیشہ مذاکرات میں ہوتا ہے۔ حکومت کو گڈز ٹرانسپورٹرز سے بات چیت کرنی چاہیے تاکہ ان کے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز اور منصوبوں کا فیصلہ موجودہ حکومت کی صوابدید ہے، تاہم پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔







