رحیم یار خان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو وزیراعظم بنایا گیا اور ہم سرائیکی عوام کی عزت کرتے ہیں، کیونکہ ان کی مادری زبان سرائیکی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ بےنظیر بھٹو جیسا سوچ رکھنے والا لیڈر آج نظر نہیں آتا، ہم نے بی بی سے اور انہوں نے بھٹو صاحب سے سیاست سیکھی۔

انہوں نے بتایا کہ بےنظیر بھٹو کو دوست ممالک نے پاکستان واپسی سے روکنے کی کوشش کی، لیکن بی بی نے کہا کہ وہ عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پر قائم رہیں گی۔

صدر زرداری نے کہا کہ بےنظیر بھٹو کے نصیب میں شہادت لکھی تھی اور میرے گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایسا ہوگا۔ جب وہ گاڑی میں بیٹھیں، میں نے منع کیا کہ جانے کی ضرورت نہیں، لیکن وہ نہ ڈرنے والی بھٹو کی بیٹی تھیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھی اور مہاجر کو لڑانے والے برسوں سے اقتدار میں بیٹھے ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن

انہوں نے کہا کہ ابھی ڈیڑھ سال پہلے، جیل میں مردوں کی طرح کاٹو، عورتوں کی طرح کیوں رو رہے ہو؟ میری بہن کو رات کو گرفتار کیا گیا اور اس وقت مجھے یاد آیا کہ بےنظیر بھٹو کو پانچ سال تک سکھر جیل میں رکھا گیا تھا۔

صدر زرداری نے زور دیا کہ جتنا آپ مضبوط کھڑے ہوں گے، اتنی ہی عزت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیدائش کے بعد اذان کے ساتھ گولیوں کی آواز سنی، لیکن ان سے کبھی نہ ڈرو۔