پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر بظاہر 30 سے 35 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے، تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ ادارے موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے پٹرول پمپ کے عملے اور وہاں موجود افراد سے بھی پوچھ گچھ کی، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ واقعے کے محرکات اور نوجوان کی آمد و رفت کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 50 افراد جاں بحق اور 470 گھر متاثر: پی ڈی ایم اے
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، اور موت کی اصل وجہ میڈیکل اور فرانزک رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ حکام کے مطابق تحقیقات ہر پہلو سے کی جا رہی ہیں، جس میں طبعی موت، خودکشی یا کسی مجرمانہ کارروائی کے امکانات کو بھی نظر میں رکھا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کا واقعہ پہلی بار پیش آیا ہے، جس کے باعث خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔
حکام کے مطابق جیسے ہی متوفی کی شناخت اور پوسٹمارٹم رپورٹ موصول ہوگی، کیس میں مزید پیش رفت سامنے آئے گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







