راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج ہمارے مخالفین بھی تسلیم کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کام کرتی ہے۔ نواز شریف کی حکومت آتے ہی ملک ترقی کرتا ہے اور ان کے جانے کے بعد ملک دوبارہ پیچھے چلا جاتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں ہونے والی ترقی کی مثال نہیں ملتی۔ صوبے کے ہر شہر میں جدید اسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں، جب کہ ہسپتالوں میں معیاری علاج اور مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ صوبائی حکومت راشن کارڈ پروگرام کے ذریعے مستحقین کی مدد میں بھی مصروف ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے دماغ میں کوئی تفریق نہیں ہے، میرے لیے پنجاب میں بسنے والا ہر شخص، پنجاب کا ہر شہری میری سر آنکھوں پہ اور میرے لیے برابر کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ دس ماہ کی قلیل مدت کے اندر اپنا گھر سکیم کے اندر ایک لاکھ سے زائد گھر ہیں وہ اس وقت زیر تعمیر ہیں۔ 20 سال حکومتیں لگی رہیں تو 10 ہزار گھر نہیں بنا سکتیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا انتظار کر رہے تھے، وہ مایوس ہوئے ہیں۔ ن لیگ کے سوا کسی اور نے پنجاب میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چھ ماہ میں صوبے میں ایک ہزار نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ میٹرو بس ہو یا الیکٹرک بسیں، یہ سب مسلم لیگ (ن) کے عوام کے لیے تحائف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام شہروں کے لیے سہولیات یکساں ہیں اور پنڈی کے لیے 80 نئی الیکٹرک بسوں کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں میں طلبہ کے لیے مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جب کہ نوجوانوں کے لیے اسکالرشپ پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی میں صفائی ستھرائی کے نظام اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کے جدید اور معیاری نظام کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دیتی آئی ہے۔ ہماری حکومت جب بھی آتی ہے ملک ترقی کرتا ہے۔ ہم نے ملک کو بڑے بڑے میگا منصوبے دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسیں ماحولیاتی آلودگی میں کمی میں مددگار ثابت ہوں گی اور ان میں مسافروں کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے حالیہ دور میں بنی سڑکوں کا بتاتے ہوئے کہا کہ نارووال سے مرید تک، فیصل آباد سے چنیوٹ تک، ساہیوال سے بہاولنگر تک سڑکی بنی ہے، جب کہ ملتان سے وہاڑی تک سڑک بن رہی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے جھنگ تک سڑک بن رہی ہے، چیچہ وطنی سے بورے والا تک سڑک بن گئی ہے۔ اٹک سے سرگودھا تک اور سمندری سے ساہیوال تک سڑک بنی ہےاور اب رجانہ سے بھکر تک سڑک بنانے جا رہے ہیں بنانے جا رہے ہیں۔







