جاں بحق ہونے والے طالبعلم کی شناخت اویس سلطان کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈی فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے پانچویں سمسٹر کا طالبعلم تھا اور اس کا تعلق کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد اویس سلطان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ کی ممکنہ وجہ شدید ذہنی دباؤ (ڈپریشن) بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے سے متعلق تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس افسوسناک سانحے نے ایک بار پھر تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ذہنی صحت، نفسیاتی مسائل اور کونسلنگ سسٹم پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ طلبہ اور اساتذہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مرحوم اویس سلطان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا جا رہا ہے، جبکہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔