وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں دہشت گردی کی تازہ لہر کا ذمہ دار وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کو ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مختص فنڈز اور دیگر آئینی حقوق فراہم نہیں کیے جا رہے۔
انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں خراب اور پرانی ہیں اور ساتھ ہی اُن گاڑیوں کو واپس کرنے کی ہدایت کی تھی۔
منگل کی رات بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ان دعوؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بھی خیبر پختونخوا کی طرح دہشت گردی سے متاثر ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ میں وفاقی وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ اگر خیبر پختونخوا حکومت گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو انہیں بلوچستان کو منتقل کر دیا جائے تاکہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی مؤثر بنائی جا سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سرفراز بگٹی کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا، وزیراعلیٰ صاحب، ٹھیک ہے، یہ بلٹ پروف گاڑیاں فوراً بلوچستان بھیجی جائیں گی تاکہ انسداد دہشت گردی کی کوششیں مضبوط ہوں۔ اس معاملے کو اجاگر کرنے کا شکریہ۔
واضح رہے کہ منگل کے روز وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور فوجیوں کی قربانیاں سیاست کی نذر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت میں صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کے بجائے اسے وفاقی حکومت کو بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
وزیر مملکت نے سہیل آفریدی کے بلٹ پروف گاڑیوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ وزیراعلیٰ ضروری سامان واپس کر رہے ہیں تاکہ وفاقی حکومت کو کمزور دکھایا جا سکے اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جا سکے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہاکہ اگر آپ کو یہ گاڑیاں پسند نہیں آئیں تو اپنی گاڑیاں دے دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت جنگ نہیں لڑ رہی بلکہ صرف وقت ضائع کر رہی ہے اور غیر ضروری ڈرامہ رچا رہی ہے۔
یاد رہے کہ نومبر 2022 میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی حکومت کے ساتھ سیز فائر ختم کرنے کے بعد سے ملک، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان، میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی دہشت گردی انڈیکس 2025 کے مطابق پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔







