فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 21 اپریل 2026 کو کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ بیان کے مطابق کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فورسز نے مقابلہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران شدت پسندوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ حکام کے مطابق وہ علاقے میں مختلف حملوں میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مزید مشتبہ افراد کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔







