پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کو لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوھانی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔
دونوں جانب سے پاک–سعودی مسلح افواج کے دیرینہ، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
ادھر بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے بھی جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے درمیان موجود عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کی تجدید کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہر شعبے میں بحرین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جب کہ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔






