پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں انڈین پراکسی تنظیم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ انڈین سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

مزید بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر انڈین سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔