تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے سول اسپتال میں ایک نامعلوم شخص نے دورانِ ڈیوٹی لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکا، جس کے بعد فرار ہونے والے مبینہ ملزم کو بعد ازاں پولیس مقابلے میں مار دیا گیا۔

پولیس کے مطابق سرجری وارڈ میں ڈیوٹی انجام دینے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر اسپتال کے لفٹ آپریٹر ہمایوں شاہ نے تیزاب پھینکا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے میں ڈاکٹر ماہ نور شدید جھلس گئیں، جنہیں فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہو جاتا ہے، جب کہ خاتون ڈاکٹر اس کے پیچھے باہر نکلتی ہیں۔ اس دوران ان کی مدد کے لیے آگے بڑھنے والا ایک اسٹاف بوائے بھی تیزاب سے متاثر ہو جاتا ہے۔

ایس ایچ او سول لائنز پولیس کے مطابق ملزم بس اڈے سے نوشکی فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مبینہ ملزم بس اڈے پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ ڈاکٹر کے والد سے رابطہ کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ادھر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے واقعے کو محکمہ صحت کی انتظامی غفلت قرار دیتے ہوئے سرجری سروسز کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔