ریسکیو 1122 کے ترجمان حسنان حبیب کے مطابق واقعہ صبح سحری کے وقت تقریباً پونے چار بجے گل رعنا کالونی میں پیش آیا، جہاں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوا اور عمارت کا کچھ حصہ زمین بوس ہو گیا۔ اب تک ملبے سے بچوں اور بڑوں سمیت 16 افراد کی لاشیں نکال کر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کی جا چکی ہیں۔

سولجر بازار پولیس کے مطابق دھماکہ نجی اسکول کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت میں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں گیس لیکج کو واقعے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم گلی تنگ ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں ابتدائی طور پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ادارے ملبہ ہٹانے اور دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے ترجمان عبدالرشید چنا کے جاری کردہ بیان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِاعظم شہباز شریف دورۂ امریکا پر واشنگٹن پہنچ گئے، بورڈ آف پیس اجلاس میں شرکت کریں گے

بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو فوری نکالا جائے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی دھماکے کی حتمی وجہ سامنے آ سکے گی۔