نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ فرسٹ ایئر کا طالب علم عابد عثمان پبلک ہائی اسکول کا گیارہویں جماعت کا طالب علم تھا اور صبح گھر سے کالج جانے کے لیے نکلا تھا۔ راستے میں ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے اسے ٹکر ماری اور روند ڈالا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حادثے کے بعد علاقہ مکین شدید مشتعل ہوگئے اور انہوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔
فائر بریگیڈ کا یونٹ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور فرار ہوگیا، جب کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ریسکیو اداروں نے شہر میں رواں سال اب تک ہونے والے ٹریفک حادثات کے تازہ اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں، جن کے مطابق کراچی میں اب تک 806 افراد مختلف حادثات میں جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 632 مرد، 81 خواتین، 71 بچے اور 22 بچیاں شامل ہیں، جب کہ 11 ہزار 596 شہری مختلف حادثات میں زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات میں 244 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود حادثات میں کمی نہیں آرہی۔






