ترجمان ملیر پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جب کہ ایک خاتون کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمہ عروج اس گروہ کی سرغنہ ہے جو مختلف علاقوں میں غریب اور مجبور خواتین کو مالی مدد اور روزگار کا جھانسہ دے کر اپنے جال میں پھنسا کر فحاشی پر مجبور کرتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آٹھ سال قبل نواب شاہ سے لاپتہ ہونے والی ایک ذہنی طور پر کمزور خاتون کو بھی اسی گروہ نے غلط کاموں کے لیے استعمال کیا تھا۔
دورانِ تفتیش ملزمہ عروج نے انکشاف کیا کہ گروہ خواتین کو مختلف وعدوں اور مالی لالچ کے ذریعے فحاشی کے کام میں شامل کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عروج، عبدالستار، عرفان، کنیز اور مسکان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جب کہ مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔







