ریسکیو 1122 کے مطابق ایک فیملی خریداری کے لیے اسٹور پر آئی تھی کہ اسی دوران بچہ ابراہیم اسٹور کے قریب کھلے گٹر میں جا گرا۔ مین ہول پر ڈھکن نہ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ سیوریج لائن تنگ ہونے کے باعث بچہ اندر آگے کی جانب پھنس گیا ہے، اسی لیے کرین منگوائی گئی ہے تاکہ کھدائی کرکے خاکروب کو مزید اندر بھیجا جا سکے۔

بچے کی ماں غم سے نڈھال ہے اور مسلسل فریاد کر رہی ہے: "میرا بچہ بچا لو!"

بچے کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے، جب کہ بڑی تعداد میں شہری جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے ہیں۔ پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ گٹر نیچے سے چوڑائی میں کم ہے جس کی وجہ سے تلاش کا عمل مشکل ہو گیا ہے، تاہم کھدائی کے بعد مزید اندر تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی سرجانی ٹاؤن میں کھلے مین ہول میں گر کر تین سالہ اسداللہ جان کی بازی ہار گیا تھا۔ اس حادثے میں بھی ریسکیو اور پولیس ٹیمیں بروقت پہنچنے کے باوجود بچے کو زندہ نہ بچا سکیں۔