پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جموں و کشمیر شہدا یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور تحریکِ کشمیر کے شہدا کی بے مثال جرأت، قربانیوں اور لازوال جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معززینِ علاقہ اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انڈین غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈین مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندوتوا نظریے پر مبنی زیادتیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کی امنگوں کو دبانے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی ثابت قدم حمایت کو بھی دہرایا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح جلد طلوع ہوگی اور پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے منصفانہ حل تک تمام متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار مسلسل جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، انڈیا جس زبان میں بات کرے گا، اسی میں جواب دیں گے، وزیراعظم
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کی غیر متزلزل وابستگی، بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا اور چیلنجنگ آپریشنل حالات کے باوجود اعلیٰ سطح کی تیاری، مستعدی اور تمام شعبوں میں مؤثر ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا بروقت اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک فارورڈ پوسٹ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے محاذ پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری، تیز اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
قبل ازیں مظفرآباد آمد پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔







