ترانے کے دل میں اتر جانے والے بول “کشمیر ہے پاکستان” کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، نظریاتی اور جذباتی رشتے کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ الفاظ اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس ترانے میں کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں، ثابت قدمی، عزم و حوصلے اور ان کے زندہ و جاوید جذبۂ آزادی کو نہایت مؤثر اور پُراثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ترانے کے مناظر اور دھن کشمیریوں کی جدوجہد، امید اور روشن مستقبل پر یقین کو اجاگر کرتے ہیں۔

ترانے کے ذریعے نہ صرف بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں تنہا نہیں چھوڑے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ترانہ مظلوم کشمیریوں کے حوصلے، قربانیوں اور آزادی کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

سوشل میڈیا پر بھی اس ترانے کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جہاں صارفین اسے کشمیری عوام کے لیے حوصلے، امید اور یکجہتی کی آواز قرار دے رہے ہیں۔

یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر جاری کیا گیا یہ ترانہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔