یونیسکو کے زیر اہتمام منائے جانے والے عالمی یومِ کتب کے موقع پر وزیراعظم نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مصنفین، ادبا، اساتذہ، طلبا اور قارئین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اہلِ قلم اور اساتذہ کسی بھی قوم کے فکری سرمائے میں اضافہ کرتے ہیں اور نئی نسل کی ذہنی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کتابیں انسان کو نئی سوچ، مختلف زاویہ ہائے نظر اور دنیا کی متنوع ثقافتوں سے روشناس کراتی ہیں، جس سے نہ صرف علم میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ذہنی وسعت بھی پیدا ہوتی ہے،مطالعہ تنقیدی سوچ کو فروغ دیتا ہے اور معاشرے میں برداشت، ہم آہنگی اور امن جیسے مثبت رویوں کو پروان چڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ دور میں جہاں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذرائع نے معلومات تک رسائی کو آسان بنا دیا ہے، وہیں کتابوں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے،مطالعہ انسان کی فکری نشوونما، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور باخبر شہری بننے کے لیے ناگزیر ہے، اور اسی کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
پاکستان کے ادبی ورثے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی مضبوط ادبی روایات اور علمی سرمایہ قومی ترقی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے پاکستانی ادبا، دانشوروں اور اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی رہنمائی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
مزید پڑھیں: مطالعہ ترقی کی بنیاد، نوجوانوں میں کتاب بینی کا فروغ ناگزیر ہے، صدر زرداری
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اور اس کے لیے معیاری اور سستی کتب کی فراہمی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے، نیشنل بک فاؤنڈیشن اور وفاقی وزارتِ تعلیم اس سلسلے میں اہم اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ملک بھر میں کتاب دوستی کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کو کتاب سے جوڑنے کے لیے مشترکہ کاوشیں کریں،اگر ہم معاشرے میں مطالعہ کی عادت کو فروغ دینے میں کامیاب ہو گئے تو ایک باشعور، علم دوست اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، جو عالمی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔







