تفصیلات کے مطابق لیسکو کے درآمدی فیول پر چلنے والے پلانٹس کی بندش کے باعث نیشنل گرڈ سے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بجلی کی فراہمی میں کمی واقع ہوئی ہے۔
بجلی کی فراہمی کم ہونے کے نتیجے میں لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کے باعث طلب پوری ہو رہی ہے، تاہم رات کے وقت لیسکو کی طلب 2990 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔
نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) کی جانب سے لیسکو کو 2000 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، جس کے باعث تقریباً 1000 میگاواٹ کا شارٹ فال پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شارٹ فال میں اضافے کے باعث شہری علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 4 سے 5 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔







