خاندانی ذرائع کے مطابق میاں مقصود احمد آج لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور زیرِ علاج تھے۔

میاں مقصود احمد جماعت اسلامی لاہور اور پنجاب کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے تھے اور دینی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک نمایاں مقام رکھتے تھے۔

وہ جماعت اسلامی کی تنظیمی سرگرمیوں، انتخابی مہمات اور سیاسی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔ پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہونے والے میاں مقصود احمد نے مختلف ادوار میں صوبائی سطح پر اہم ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔

ان کی وفات پر سیاسی، دینی اور سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جب کہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کی دینی و سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔