ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ٹاور کی بارہویں منزل پر واقع ایک دفتر میں لگی۔

ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق فائر اور ریسکیو ٹیموں نے مختلف اطراف سے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ آپریشن کے دوران خصوصی اسنارکل کے ذریعے بلند منزل تک رسائی حاصل کر کے آگ بجھائی گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن میں مجموعی طور پر 14 سے زائد فائر اور ایمرجنسی گاڑیاں، خصوصی اسنارکل اور 50 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا، بعد ازاں نفری اور وسائل میں اضافہ کرتے ہوئے 15 گاڑیاں اور 60 اہلکار موقع پر تعینات کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا اور محدود کر دیا۔

واقعے کے دوران سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر خود موقع پر موجود رہے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے، جب کہ ڈائریکٹر فائر ریسکیو اور ضلعی ایمرجنسی افسر بھی ٹیموں کے ہمراہ آپریشن میں شریک رہے۔

ریسکیو اکیڈمی کی خصوصی ٹیم بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جب کہ کولنگ اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔