پولیس کے مطابق سی سی ڈی ٹیم کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان علاقے میں موجود ہیں، جس پر اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اہلکاروں پر اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں سی سی ڈی کا بہادر اہلکار عبدالرزاق ڈوگر موقع پر ہی شہید ہوگیا، جبکہ تین دیگر اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق سی سی ڈی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں دو خطرناک ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو ڈکیتی سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے مفرور ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہے ہیں۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شہید کانسٹیبل عبدالرزاق ڈوگر کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید اہلکار نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فوررسز نے 2 مختلف آپریشنز کے دوران ’انڈیا نواز‘ 13دہشتگرد ہلاک کردیے

آئی جی پنجاب نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس حوالے سے کارروائی کو مزید تیز کیا جائے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس شہید اہلکار کے اہل خانہ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی مکمل کفالت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ لاہور میں حالیہ دنوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سی سی ڈی کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے، اور اس قسم کے واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مقابلے میں شدت آ رہی ہے، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔