پولیس حکام کے مطابق یوگنڈا کے شہری عبد الحمید کے ساتھ چند روز قبل چوری کی واردات پیش آئی تھی، جس میں اس کا اہم اور قیمتی سامان نامعلوم ملزم لے اڑا تھا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
ذرائع کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن سدرہ خان کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جسے ملزم کی گرفتاری اور مالِ مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک سونپا گیا۔ ٹیم نے جدید تفتیشی طریقوں اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مسلم ٹاؤن علی رضا نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا، جس میں لیپ ٹاپ، پاسپورٹ، چیک بک، سام سنگ اور نوکیا کے موبائل فونز، اے ٹی ایم کارڈز سمیت دیگر اہم اشیاء شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام برآمد شدہ سامان قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد متاثرہ شہری عبد الحمید کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سامان واپس ملنے پر غیر ملکی شہری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور پولیس، بالخصوص ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان
اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر مسلم ٹاؤن پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں،شہریوں، بالخصوص غیر ملکیوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پولیس حکام نے مزید کہا کہ شہر میں جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے اعتماد کی بحالی کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







