تفصیلات کے مطابق سکھن تھانے کی حدود میں قائم فیکٹری سے اٹھنے والا سیاہ دھواں کئی کلومیٹر دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔ آگ لگتے ہی فیکٹری کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا، جب کہ نچلی منزلوں پر موجود سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا شروع کر دیا گیا۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور کے ایم سی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ آگ کی شدت کے پیش نظر مزید فائر ٹینڈرز، باؤزرز اور دو اسنارکل بھی طلب کیے گئے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع دو بج کر پندرہ منٹ کے قریب موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر عملہ روانہ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں راستے تنگ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم سخت گرمی کے باوجود عملے نے فیکٹری کی دوسری منزل پر لگی آگ پر قابو پا لیا۔
کراچی کےلانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی لنڈا فیکٹری میں آتشزدگی،دس فائر ٹینڈر اور دو اسنارکل آگ بجھانے کے عمل میں مصروف،آگ عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر لگی ہے https://t.co/B99Sz3nR6n pic.twitter.com/nDsZ8FF8jn
— Abbas Malik (@AbbasMalik95703) May 17, 2026
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر تیسری منزل تک رسائی ممکن نہیں ہو رہی تھی، تاہم اب اسنارکل کی مدد سے وہاں آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لنڈا کی گانٹھوں میں لگی تھی، جس کے باعث شعلے تیزی سے پھیلے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گراؤنڈ پلس تھری ’چنچل لنڈا ریکس کمپنی‘ کی عمارت کے دوسرے اور تیسرے فلور پر آگ بھڑکی۔
ترجمان نے بتایا کہ دوسرے فلور پر آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، جب کہ تیسرے فلور پر فائر فائٹنگ کا عمل جاری ہے۔ آگ بجھانے کے عمل میں ریسکیو 1122 اور کے ایم سی فائر بریگیڈ کے 10 سے زائد فائر ٹینڈرز، باؤزرز اور اسنارکل حصہ لے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔






