دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جنگ بندی کا مکمل احترام ناگزیر ہے، جبکہ تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ اس کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا،موجودہ حالات میں مسلم ممالک کے درمیان قریبی رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دوسری جانب شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا، جبکہ لبنان سمیت متاثرہ علاقوں میں انسانی صورتحال پر بھی فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی، لبنان نے پاکستان سے مدد طلب کر لی
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، تاکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور مختلف ممالک امن کے قیام کے لیے متحرک ہیں۔ اسلام آباد میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں اس رابطے کو نہایت اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں مزید سفارتی اقدامات کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔







