محکمہ انسدادِ دہشت گردی کو اطلاع ملی تھی کہ انتہائی مطلوب دہشت گرد سرائے نورنگ کے علاقے میں داخل ہو کر بڑی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی بنوں کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز نے مقامی پولیس لکی مروت کے ساتھ مل کر پردل بیگوخیل روڈ، نزد سبزی منڈی سرائے نورنگ کے مقام پر حکمتِ عملی سے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیر لیا۔
دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، تاہم سی ٹی ڈی اور لکی مروت پولیس کے جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ دیا اور انہیں ہلاک کر دیا۔ بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران لاشوں کی شناخت کی گئی۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت محمد نزیر عرف مجاہد، فواد اللہ عرف معاذ اور افنان خان عرف افنانی کے ناموں سے ہوئی۔
یہ عناصر پولیس اہلکاران زارم خان، حفیظ اللہ، وحید نواب، عارف اللہ، حبیب اللہ، ایف سی اہلکار زین اللہ، کلرک معراج الدین اور ریٹائرڈ لانس نائیک حبیب اللہ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، دو 9 ایم ایم پستول، دو موبائل فون اور کالعدم تنظیم کے تین کارڈز برآمد ہوئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے خطرناک دہشت گردوں کے خاتمے پر سی ٹی ڈی ٹیمز اور مقامی پولیس کو شاباش دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے خارجی دہشت گردوں سے صوبے کو پاک کرنے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، اور ایسے ٹارگٹڈ آپریشنز مزید تیز کیے جائیں گے تاکہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔






