لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستمبر 2024 میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وہ قومی سلامتی کے مشیر (نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر) کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے قبل جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر تین سال تک تعینات رہے۔ انہیں میدانِ جنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور وہ بلوچستان اور جنوبی وزیرستان میں بریگیڈ اور ڈویژن کی کمان کر چکے ہیں۔
پاک فوج کے ممتاز اور باصلاحیت افسر کے طور پر جانے جانے والے لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاکستان ملٹری اکیڈمی سے Sword of Honour حاصل کرچکے ہیں۔ پیشہ ورانہ تربیت کے میدان میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا ہے، جہاں وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اسٹاف کالج کوئٹہ میں انسٹرکٹر کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کا تعلق ایک عسکری خاندان سے ہے۔ ان کے والد، لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام محمد ملک، 1990 کی دہائی کے اوائل میں راولپنڈی کور کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی قیادت میں آئی ایس آئی ملکی سلامتی اور علاقائی استحکام کے حوالے سے اپنے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔







