آپریشن بنیان مرصوص اور معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ مختلف ممالک کے سفرا، سول و عسکری حکام اور شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا، جب کہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔
وزیراعظم کی اپیل پر تقریب میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معرکۂ حق کی عظیم کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر بجا لاتے ہیں اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔ ہم نے دشمن کو ہر قسم کی مہم جوئی کے انجام سے آگاہ کیا تھا اور واقعے کی ہر طرح کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، مگر بزدل دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کر دی، جس کا ہماری بہادر افواج نے تاریخی جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو جان کے لالے پڑ گئے۔ معرکۂ حق کا خلاصہ یہی ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا۔ دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہو گیا، جبکہ ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 10 مئی کو یومِ معرکۂ حق کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے اور یہ دن ہر سال بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے شہدا، ان کے اہلِ خانہ اور پوری قوم کو سلام پیش کرتا ہوں۔ بہادر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جبکہ پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل۔۔۔ خصوصی تقریب پاکستان مانو منٹ سے براہ راستآپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل۔۔۔ خصوصی تقریب پاکستان مانو منٹ سے براہ راست #OperationBunyanMarsoos #MaarkaEHaq #PakistanNews #LiveEvent #PakistanMatters
Posted by Pakistan Matters on Sunday 10 May 2026
وزیراعظم نے کہا کہ اگر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا ذکر نہ کیا جائے تو تاریخ ادھوری رہے گی۔ ہماری فضائیہ نے دشمن کے دعوؤں کا پول کھول دیا۔ انہوں نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک بحریہ کے جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں 24 کروڑ عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔
ایران جنگ میں ثالثی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ساتھ دینے پر برادر اور دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے جنگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوان، چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے معرکۂ حق میں پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ برادر ہمسایہ ملک ایران میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے۔ ہم نے 1979 کے بعد ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ فیلڈ مارشل نے ابھی بتایا ہے کہ ایران کا جواب موصول ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق اور انصاف کے لیے توانا آواز بن کر کھڑا رہا ہے۔ پاکستان نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہمارے جوان آج بھی عظیم قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔







