محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے زیرِ اثر بالائی اور وسطی خیبر پختونخوا کے اضلاع میں 30 دسمبر 2025 سے 2 جنوری 2026 تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

متاثرہ اضلاع میں اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، اپر و لوئر کوہستان، کولئی پالس، ملاکنڈ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، خیبر، باجوڑ اور مہمند شامل ہیں۔

پی ایم ڈی کے مطابق صوبے کے میدانی اور جنوبی اضلاع سواتی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران کہیں کہیں سے لے کر متعدد مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بعض اوقات درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے، جس کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور گلیات میں سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کے خدشات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یمن کا دفاعی معاہدہ منسوخ کرتے ہوئے اماراتی فوج کو 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم، اصل تنازع کیا ہے؟

ایڈوائزری کے مطابق اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ و متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔