سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزرا نے امیگریشن کاؤنٹرز پر عملے کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور مسافروں سے براہ راست گفتگو کر کے امیگریشن کے مراحل سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے اہلکاروں کی بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں حوصلہ افزائی کی۔
لاہور ایئرپورٹ پر وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیرمملکت طلال چوہدری کا دورہ، امیگریشن پراسیس کا جائزہ، مسافروں سے ملاقات۔ محسن نقوی: سہولت اور پاکستان کی عزت اولین ترجیح، بلاجواز کسی کو نہیں روکا جائے گا۔#BreakingNews #LahoreAirport #InteriorMinistry #MohsinNaqvi #TalalChaudhry pic.twitter.com/Ys9CAnLXbW
— Tawar-e-Pakistan (@TawarePakistan) December 21, 2025
دورے کے دوران ایک مسافر نے بورڈنگ میں تاخیر کی شکایت کی، جس پر محسن نقوی نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسافر کی بورڈنگ کو یقینی بنایا جائے۔ مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کا عمل چند منٹوں میں مکمل ہو رہا ہے، جو خوش آئند ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی عزت اور مسافروں کی سہولت سب سے اہم ہے اور کسی بھی مسافر کو بلاجواز سفر سے نہیں روکا جائے گا۔ پیشہ ور بھکاریوں یا ناقص دستاویزات رکھنے والوں کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، جب کہ پاکستان کی بدنامی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔
محسن نقوی نے امیگریشن نظام کو مزید موثر، شفاف اور مسافروں کے لیے سہل بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور علی ضیاء اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایئرپورٹ اویس بھی موجود تھے۔







