ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام بھی سپریم لیڈر تک پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق تہران میں اعلیٰ سطحی روابط کے دوران دوطرفہ تعاون اور مفاہمتی یادداشت (MoU) کے امکانات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی کا یہ دورہ ایران کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطوں کا حصہ ہے اور اس سے قبل بھی وہ دو مرتبہ تہران کا دورہ کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔