وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم پاکستان کی عظیم بیٹی، سابق وزیرِاعظم بینظیر بھٹو شہید کی برسی منا رہے ہیں۔ انہوں نے جمہوری اقدار کے فروغ، عوام کے حقوق کے تحفظ اور ملکی اتحاد کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے سیاست میں رواداری اور ہم آہنگی جیسی مثبت اقدار کو فروغ دیا اور سیاسی عمل میں برداشت کو عام کیا، جو لائقِ تحسین ہے۔ ان کی خدمات کو ملک و قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی میراث میں حب الوطنی کا جذبہ نمایاں تھا، انہوں نے خواتین کے کردار کو مضبوط بنانے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کو ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے۔ ان کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان میں رواداری، برداشت، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کے سفر کو آگے بڑھایا جائے گا، جس کے لیے بینظیر بھٹو شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل دے۔
لازمی پڑھیں: یمن میں امن کے لیے سعودی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستان
واضح رہے کہ آج شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سکھر سمیت مختلف شہروں سے بڑے عوامی قافلے گڑھی خدا بخش روانہ ہو رہے ہیں، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت بھی گڑھی خدا بخش پہنچ رہی ہے۔ جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کانوینٹ آف جیزز اینڈ میری اور کراچی گرامر اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، جب کہ ہارورڈ اور آکسفورڈ یونیورسٹیوں سے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی قوانین میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔







