عارف حبیب نے نیا ناظم آباد میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انٹر اسکولز فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ایئرلائن بنانا اولین ترجیح ہے اور ملازمین کو تحفظ دیا جائے گا کیونکہ یہی ملازمین پی آئی اے کو دنیا کی دوسری کامیاب ایئرلائن بنانے میں کردار ادا کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا نام معاہدے کے تحت تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک 1.4 کروڑ پاکستانی اور پاکستان میں ان کے اہل خانہ سمیت تقریباً سات کروڑ لوگ ایئرلائن استعمال کرتے ہیں اور کوشش ہوگی کہ پاکستانی زیادہ سے زیادہ سفر پی آئی اے کے ذریعے کریں۔ پی آئی اے کو حج اور عمرہ کے حوالے سے بھی ترجیح حاصل ہے۔

عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے میں کھیلوں کو فروغ دینے کی ترجیح دی جائے گی، تاہم اس میں وقت لگے گا۔ 

انہوں نے نیا ناظم آباد کو اسکول کرکٹ کے لیے منتخب کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور بتایا کہ یہاں کرکٹ، بیڈمنٹن، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کی سہولتیں موجود ہیں۔

پی سی بی انٹر اسکولز فائنل میں مہمان خصوصی چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود بھی موجود تھے۔