اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان، فیصل آباد، گجرات اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے۔ مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے نمازِ عید ادا کی جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

نمازِ عید کے بعد ملک بھر میں سنتِ ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے قربانیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شہریوں نے قربانی کے گوشت کی تقسیم میں غریبوں، یتیموں اور مستحق خاندانوں کو خصوصی طور پر شامل کیا جبکہ مختلف فلاحی تنظیمیں بھی سرگرم رہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، جہاں لاکھوں مسلمان حج کی ادائیگی کے بعد قربانی کی سنت ادا کر رہے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے  پیغام میں کہا کہ یہ عظیم دن حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال قربانی، اطاعت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہر شے قربان کرنے کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ ایثار، خدمتِ انسانیت، صبر اور خلوص کا عملی مظہر ہے, عید کی خوشیوں میں معاشرے کے محروم طبقات، یتیموں، بیواؤں اور سفید پوش افراد کو بھی شریک کیا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں عید کی روح کو اجاگر کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قومی حالات اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے متقاضی ہیں اور ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تہنیتی  پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی، ایثار، صبر اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

مسلح افواج کی قیادت نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ قربانی، اتحاد اور ایمان کا درس دیتی ہے جبکہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

پیغام میں شہداء، غازیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے خصوصی  پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ محبت، بھائی چارے، ایثار اور قربانی کا عملی درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ کی سنت ہمیں سکھاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہر قربانی پیش کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام پر زور دیا کہ وہ غربا، یتیموں، مزدوروں اور ضرورت مند افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔

مریم نواز شریف نے سرحدوں پر تعینات افواجِ پاکستان اور شہداء کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

انہوں نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے شہداء فلسطین کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات میں مسجد خاتم الانبیاء ﷺ میں نمازِ عید ادا کی۔

اس موقع پر چوہدری راسخ الٰہی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جبکہ نماز کے بعد ملکی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

نمازِ عید کے بعد پارٹی کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد پیش کی۔