ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں اور پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے درمیان ہونے والی بات چیت میں بریک تھرو سامنے آیا جس کے بعد اتفاقِ رائے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔

آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی بھرپور تائید و حمایت کی جاتی ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق ٹریفک آرڈیننس 2025 پر مشترکہ طور پر نظر ثانی پر اتفاق ہوا اور حکومتی نکتہ نظر کی تائید کی گئی۔ ٹرانسپورٹ کی صنعت کی بہتری، ترقی اور تمام مسائل کے حل کے لیے چار کمیٹیوں کی تشکیل کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پورے ملک کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ پنجاب کی طرز پر بات چیت خوش آئند اقدام ہے اور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے رویے اور سوچ کو سراہا جاتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ کمیٹی، منی مزدا ٹرانسپورٹ کمیٹی، پبلک ٹرانسپورٹ کمیٹی اور اسٹاف ڈیوٹی وہیکل کمیٹی کی سفارشات مل کر تیار کی جائیں گی۔ ٹرانسپورٹرز نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ تک ان کی تجاویز پہنچائیں۔ آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے جلد لاہور کے دورے کا بھی اعلان کیا۔

ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کے بعد چار مشترکہ کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جو پورا سال ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔ میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پر ٹرانسپورٹرز نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، ڈیڈلاک کسی کے مفاد میں نہیں اور بات چیت سے ہی بہتری آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور کراچی میں بھی مذاکرات کے ذریعے مسائل حل ہوں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک سسٹم کو بہترین عالمی پریکٹسز کے مطابق بنایا جائے گا اور سیفٹی و آپریشنل لیول پر مضبوط نظام ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق آرڈیننس کے بعد اکیس لاکھ لائسنس بنے جبکہ پہلے لوگ بغیر لائسنس گاڑیاں چلا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی عمل کی یہ پہلی قسط ہے اور بہتری کا سفر جاری رہے گا، بادامی باغ اور چنیوٹ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل لیول کا جدید بس ٹرمینل بنایا جائے گا اور چار جدید ورکشاپ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی ایک صوبے یا فرد کا نہیں بلکہ پوری ٹرانسپورٹ انڈسٹری کا مسئلہ ہے۔ ڈرائیورز کا بلاوجہ چالان نہیں کیا جائے گا اور ٹرانسپورٹ کے لیے نئی اسکیم لانے کی تجویز منظور کی گئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹ کو عالمی معیار پر استوار کرنے، جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور ای چالان سمیت ٹیکنالوجی پر مبنی شعبہ بنانے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بلال اکبر کو کمیٹی کوآرڈینیٹر مقرر کیا۔ ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف افہام و تفہیم سے مسائل حل کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں۔

اعلامیے میں پبلک ٹرانسپورٹ کو تین سال کے لیے روٹ پرمٹ کی منظوری اور لاری اڈوں میں غیر معیاری تیل کی فروخت بند کرنے کی ہدایت پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا گیا۔ ٹرانسپورٹرز نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مذاکرات کے لیے اپنے نمائندوں صوبائی وزیر بلال اکبر، سیکریٹری عمران اور ڈی آئی جی وقاص کو کراچی بھیجا۔ پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات پر بھی ٹرانسپورٹرز نے شکریہ ادا کیا۔